بنگلورو،12؍اگست(ایس او نیوز)ِایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو تے ہی ریاست بھر کے پی یو کالجوں میں داخلہ کا آغاز ہو چکا ہے،پہلے ہی دن بھاری تعداد میں طلبہ نے کالجوں کی جانب رخ کیا اور کالجوں میں دستیاب کورسس،داخلہ فیس وغیرہ کی جانکاری حاصل کی۔
اطلاع کے مطابق 23جولائی کو ہی محکمہ پی یو تعلیم نے اپنے نو ٹفیکیشن میں بتا یا تھا کہ ایس ایس ایل سی کے نتائج شائع ہونے کے دوسرے دن سے ہی پی یو کالجوں میں داخلے شروع کئے جاسکتے ہیں۔ اب نتائج کے اعلان کے بعد10تا31اگست بغیر جرمانہ کے داخلہ کی گنجائش ہے،اسکے بعد670روپئے فیس اور جرمانہ کے ساتھ یکم ستمبر اور2,890روپئے خصوصی فیس اور جرمانہ کے ساتھ13تا25ستمبر داخلوں کی گنجائش ہے اور16اگست سے پی یو سی سال اول کے طلبہ کے لئے آن لائن کلاسس کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اس مرتبہ ایس ایس ایل سی میں 8.71لاکھ سے زیادہ طلبہ کامیاب ہو نے کی وجہ سے پی یو کالجوں میں داخلہ کے لئے بھی کافی دباؤ بڑھے گا،گزشتہ سال کے مقابلے امسال 2.5لاکھ زائد طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ حکومت نے پی یو کالجوں میں 12لاکھ سے زیادہ سیٹس دستیاب ہو نے کی اطلاع دی ہے،لیکن مانگ کے مطابق کامرس اور سائنس کورسس میں سیٹس دستیاب نہیں ہیں۔
بتا یا جا تا ہے کہ اس مر تبہ ایس ایس ایل سی کے نتا ئج میں تقریباًتمام طلبہ کو کامیاب قرار دئے جانے کے امکانات کے پیش نظر طلبہ نے پہلے ہی پی یو کالجوں میں داخلہ کو یقینی بنا لیا۔سرکاری پی یو کالج،چامراج پیٹ کے پرنسپل نارائنا نے بتا یا کہ اس مر تبہ ایس ایس ایل سی امتحان دینے والے تمام طلبہ کامیابی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے پہلے دن سے ہی داخلہ کے لئے بڑی تعداد میں طلبہ کالجوں کی جانب راغب ہو رہے ہیں اور دستیاب کورسس اور فیس کی جانکاری حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ اس مرتبہ کثیر تعداد میں سیٹس بھرتی ہوں گے۔